منگل 21 جنوری 2025 - 16:03
جناب جعفر طیار (ع)، توحید کی راہ پر ولایت کے مطیع تھے

حوزہ/ المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے بین الاقوامی کانفرنس ”ذوالجناحین“ کے منتظمین سے خطاب کرتے ہوئے حضرت جعفر ابنِ ابی طالب علیہ السّلام کی شخصیت کو ملت اسلامیہ کے لیے ایک بے نظیر رول ماڈل قرار دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے نائب سربراہ حجت الاسلام والمسلمین خالق پور نے بین الاقوامی کانفرنس ”ذوالجناحین“ کے منتظمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شخصیات کا تاریخی مطالعہ محض ماضی کو بیان کرنا نہیں ہے، بلکہ یہ مطالعہ ہمارے مستقبل کے لیے ایک اہم موڑ بن سکتا ہے۔ جناب حضرت جعفر طیار علیہ السّلام، ہم سب کے لیے ایک معیاری شخصیت اور ایک واضح اور روشن رول ماڈل شمار ہوتے ہیں۔

انہوں نے حضرت جعفر ابن ابی طالب علیہ السّلام کے بعض فضائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پہلی فضیلت نسبتی فضیلت ہے؛ آپ حضرت ابو طالب اور فاطمہ بنت اسد سلام اللہ علیہما کے فرزند تھے کہ یہ دونوں شخصیت اور رفتار کے لحاظ سے ایک خاص مقام پر فائز تھے، آپ حضرت امام علی علیہ السّلام کے بھائی بھی تھے اور ان کے بہت قریبی اور روحانی تعلقات تھے۔

انہوں نے توحید کے حصول کے لیے ولایت کے مطیع ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس ولایت کے ذیل میں ہی حقیقی نور اور علم کا ظہور ہوتا ہے اور انسان اپنی منزل تک پہنچتا ہے اور حضرت جعفر ابنِ ابی طالب علیہ السّلام ولایت کی مطیع شخصیت تھے۔

المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس نے رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کی نبوت کے ابتدائی سالوں میں حضرت جعفر طیار کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جناب جعفر طیار، اسلام کے ابتدائی پیروکاروں میں سے تھے اور نیکی کرنے میں دوسروں پر سبقت لیتے تھے، یہ ہمارے لیے ایک سبق آموز درس ہے کہ اگر ہم خدمت اور خیر کے عاشق ہوں تو یہ جذبہ ہی انسان کو بافضیلت بناتا ہے۔ حضرت جعفر طیار رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کے زمانے میں ہمہ وقت میدان میں موجود رہے۔

انہوں نے حضرت جعفر طیار علیہ السلام کو سب سے پہلے نماز پڑھنے والوں میں سے ایک قرار دیا اور کہا کہ بعض اوقات ہم معمولی باتوں کی وجہ سے نماز میں تاخیر کرتے ہیں یا اسے ہلکا سمجھتے ہیں؛ جب کوئی نماز نہیں پڑھتا تھا تو حضرت جعفر طیار علیہ السّلام اپنی جوانی کے عوج میں، پیغمبرِ اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا اور امام علی علیہ السّلام کے ساتھ نماز پڑھنے والوں میں شامل تھے، لہٰذا ہمیں اپنے جوانوں کو قرآن اور نماز کے کلچر سے روشناس کروانے کی کوشش کرنی چاہیے۔

حجت الإسلام والمسلمین خالق پور نے خدا کی راہ میں ہجرت، بین الاقوامی میدان میں تبلیغ، خطرناک حالات میں ذمہ داری قبول کرنا، ان کی مدینہ واپسی پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کی خوشی، جدوجہد اور لشکر اسلام کی سپہ سالاری، بین الاقوامی دشمنوں کے خلاف جنگ میں شہادت، آپ کی شہادت کی تاثیر اور رضائے الٰہی کے حصول کو جناب جعفر طیار ابنِ ابی طالب علیہ السّلام کی دیگر خصوصیات کے طور بیان کیا اور مزید کہا کہ خود حضرت جعفر طیار علیہ السّلام سے روایت نقل ہوئی ہے کہ اسلام سے پہلے بھی انہوں نے کبھی شراب نہیں پی، کیونکہ یہ عقل کو تباہ کر دیتی ہے؛ جھوٹ نہیں بولا، کیونکہ یہ بہادری کے مطابق نہیں ہے؛ ناجائز تعلقات نہیں تھے، کیونکہ انہیں یقین تھا کہ انسان کے اعمال اس کی طرف لوٹائے جائیں گے اور انہوں نے کبھی بتوں کو سجدہ نہیں کیا۔ اللہ ہم سب کو جعفر طیار علیہ السّلام جیسی شخصیات کی پیروی کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha